سندھ: کرونا وائرس کا خطرہ، عوامی اجتماعات پر پابندی اور تعلیمی ادارے مزید بند رکھنے کی تجویز

کراچی: شہر قائَد میں کرونا کے نئے کسیز سامنے آنے کے بعد عوامی اجتماعات پر پابندی اور تعلیمی ادارے مزید بند رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کی زیر صدارت اجلاس میں یہ تجویز زیر بحث آئی۔ ساتھ ہی سرکاری اور نجی اسپتالوں میں کرونا انفارمیشن ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزارت صحت سندھ کے دفتر میں ہونے والے اس ہنگامی اجلاس کا سبب گزشتہ دنوں سامنے آنے والے 9 نئے کیسز تھے۔

وزیر صحت سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں تعلیمی ادارے طویل مدت کے لئے بند کرنے کی تجویز وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کی گئی۔ ساتھ ہی فیصلہ کیا گیا کہ پبلک مقامات پر جمع ہونے سے گریز کیلئے ایڈوائزری جاری کی جائے۔
یاد رہے گذشتہ روز ملک میں کرونا وائرس کے مزید نو کیسز سامنے آئے تھے، جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد سولہ ہوگئی تھی۔
ان میں سے 13 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔