کراچی: سندھ میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح 12 سے کم ہوکر 8.15 فیصد ہوگئی ہے۔
یہ بات کورونا وائرس کی صورتحال پر وڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ نے کہی، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے کل 4112 ٹیسٹ کیے، سندھ میں مزید 335 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 5291 ہوگئی ہے، سب سے زیادہ 258 کورونا کے نئے مریض شہر کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں، ضلع جنوبی میں 89، شرقی میں 53، وسطی میں 43 ،غربی میں 24، کورنگی میں 28 اور ملیر میں 21 نئے کورونا کے مریض سامنے آئے ہیں، اس کے علاوہ حیدرآباد میں 17، جیکب آباد میں 10، سکھر اور شکارپور میں 7، 7 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، شہید بینظیرآباد اور ٹنڈو محمد خان میں 6،6، لاڑکانہ اور سانگھڑ میں 5،5، دادو میں 3 اور نوشہروفیروز میں ایک مریض رپورٹ ہوا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے بھر میں اس وقت 4236 مریض زیرعلاج ہیں، جن میں سے 2915 مریض گھروں میں آئیسولیٹ ہیں، آئیسولیشن مراکز میں 872 مریض جبکہ 449 مریض اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، آج 37 مریض صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو چلے گئے، جس کے بعد صحت یاب ہونے والے کُل مریضوں کی تعداد 963 ہوگئی ہے۔ سندھ میں کورونا انفیکشن ریٹ 11 اور 12 سے کم ہوکر 8.15 فیصد ہوا ہے جو اچھی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 7 مریض جان کی بازی ہارگئے، کورونا کے باعث انتقال کرنے والوں کی تعداد 92 ہوگئی ہے، جو کل مریضوں کا 1.73 فیصد ہے، کورونا کے 35 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ 13 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔