کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کورونا کی صورت حال کے پیش نظر پنجاب اور خیبرپختونخوا سے ہر طرح کا سفر بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔
سعید غنی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ این سی او سی اجلاس میں اسکولوں کی بندش پر بات ہوئی تھی اور اسٹیئرنگ کمیٹی کی اکثریت نے اسکول بند کرنے کی رائے دی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا صورت حال پر سندھ میں پنجاب اور خیبر پختونخوا والے حالات نہیں، پنجاب اور کے پی سے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ، ٹرین اور ہوائی سفر بند کیا جائے، کیونکہ لوگ آتے جاتے رہیں گے تو وائرس لوگوں کو نقصان پہنچائے گا، صحیح اقدام نہیں کیے تو سندھ میں بھی صورت حال خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسکول بند ہونے سے بچوں کی تعلیم اور ایجوکیشن سیکٹر پر اثر پڑے گا، کورونا صورت حال میں بچوں کی تعلیم کا نقصان ہوا، امید ہے پرائیویٹ اسکول حکومت سندھ کی مجبوری کو سمجھیں گے، حکومت سمیت کوئی نہیں چاہتا کہ تعلیمی نقصان ہو۔
صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا یہ بات واضح ہے کہ اس سال بغیر امتحان پاس نہیں کیا جائے گا اور طلبہ کو بغیر امتحان لیے اگلی کلاس میں نہیں بھیجیں گے، امتحانات آگے بڑھانے پڑے تو بڑھائیں گے لیکن امتحان ضرور ہوں گے۔