اسلام آباد: عدالت عالیہ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی توشہ خانہ کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے توشہ خانہ کیس سے متعلق دائر 8 اپیلوں پر فیصلہ سنادیا ہے، جس میں توشہ خانہ فوجداری کارروائی کا کیس قابل سماعت قرار دینے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ سیشن کورٹ فریقین کو دوبارہ سن کر کیس کے قابل سماعت ہونے کا فیصلہ کرے۔
اس کے علاوہ عدالت نے توشہ خانہ کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی جب کہ گواہوں کی فہرست مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواست پر نوٹس جاری کردیے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور ہی توشہ خانہ کیس کی سماعت کریں گے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس سے متعلق 8 درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔