کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے دورۂ انگلینڈ کے لیے سندھ سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ کے لیے سیمپلز لے لیے گئے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں قائم حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں 7 کھلاڑیوں نے دورۂ انگلینڈ کے لیے کورونا ٹیسٹ دیے، ان میں سرفراز احمد، اسد شفیق، فواد عالم، سہیل خان، شان مسعود، محمد حسنین اور کاشف بھٹی شامل تھے۔
دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان بھی کورونا ٹیسٹ دینے کے لیے اسٹیڈیم پہنچے، اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل کھلاڑیوں اور یونس خان کا درجہ حرارت بھی جانچا گیا۔
کورونا ٹیسٹ کے موقع پر پی سی بی کے فزیو ڈاکٹر امتیاز خان اور ایچ پی سی کے سعد بھی معاونت کے لیے موجود تھے، حفاظتی تدابیر کی وجہ سے میڈیا کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہ دی گئی۔ انگلینڈ روانہ ہونے سے قبل دوسرا کورونا ٹیسٹ 25 جون کو طے ہے۔