کبوتروں کی افزائش کرنے والے ادارے نے کئی برس کی محنت کے بعد ایسے کبوتر پیدا کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے جن کے پر اور بازو قدرتی طور نہایت خوبصورت اور دلکش ہیں۔
زمانہ ماضی میں کبوتر ’’ِچٹھی‘‘ کی ترسیل کا بہترین ذریعہ ہونے کے باعث ’عاشقوں‘ کا محبوب پرندہ ہوا کرتا تھا، اب زمانہ بدل گیا ہے تو کیوں نہ کبوتروں میں کچھ ایسی تبدیلی لائی جائے جو حیران کن بھی ہو اور خوشنما بھی۔ اس مقصد کے لیے کبوتروں کی بریڈنگ (افزائش نسل) کرنے والے ادارے نے دیدہ زیب کبوتروں کی پیدائش ممکن بنالی ہے۔
پہلی نظر میں تو ایسا لگتا ہے جیسے یہ کبوتر کسی ’بیوٹی پارلر‘ سے تیار ہو کر آئے ہیں جہاں کسی ماہر ہیئر ڈریسر نے ان کے پروں کو نت نئے اور دیدہ زیب ڈیزائن سے مزین کردیا ہے۔ دل کو لبھانے والے پروں سے ان کبوتروں کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
ان کبوتروں کے صرف بازو ہی دیدہ زیب نہیں بلکہ عام کبوتروں کے مقابلے میں ان کا سائز اور وزن بھی قدرے زیادہ ہوتا ہے اسی طرح بریڈنگ والے ان کبوتروں کی دم بھی عام کبوتروں کی دم سے زیادہ طویل ہے۔ یہ کبوتر مختلف رنگوں میں بھی دستیاب ہیں۔