حکومت کا ایک کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگوانے کا ہدف مکمل

حکومت نے ایک کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا ہدف مکمل کر لیا۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد ویکسین لگوا لیں۔ وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی اوراین سی اوسی کے سربراہ اسد عمرنے کہا کہ انشاء اللہ آج ملک میں اب تک ہونے والی کورونا ویکسینیشن کی تعداد ایک کروڑسے تجاوزکرجائے گی۔تفصیلات کے مطابق ایک کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگوائے جانے کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت میں تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔ تقریب سے خطاب میں اسدعمر نے کہا کہ آج ملک میں ایک کروڑ افراد کو ویکسین لگ چکی ہے۔ ملک بھر میں تین سے ساڑھے تین لاکھ افراد کی رجسٹریشن روزانہ کی بنیاد پر ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دسمبر تک7 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف ہے۔ لوگ روزانہ کی بنیاد پر رجسٹریشن کروا رہے ہیں اور ملک بھر میں روزانہ بڑی تعداد میں ویکسی نیشن کی جا رہی ہے۔