جعلی لیڈر آج مسیحائی کے دعویدار بن رہے ہیں، شہباز گِل

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گِل نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کا سودا کرنے والے جعلی لیڈر آج مسیحائی کے دعویدار بن رہے ہیں۔ شہباز گل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جلسے کے بعد (ن) لیگ سمیت پی ڈی ایم کا جھوٹا پروپیگنڈا اپنے انجام کو پہنچا ہے، معیشت کو دیوالیہ کرنے والی (ن) لیگ معیشت پر بھاشن بند کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ خسارے کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 19 ارب 19 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز چھوڑ کر جانے والے آپ تھے، معیشت کو آپ کے جعلی وزیرِخزانہ نے 8 ارب ڈالرخزانے سے نکال کر تباہ کیا۔شہباز گل کا مزید یہ بھی کہنا تحا کہ اوپر سب اچھا دکھانے کے لیے ڈالر کو مصنوعی طریقے سے اسٹیبل رکھا گیا، 2013ء میں اسٹیبل ریٹڈ معیشت کو بڑی محنت سے 2018 ء میں انہوں نے منفی ریٹنگ میں پہنچایا۔معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو ان کے حق کیلئے لڑنا سکھایا، تمام عوامی حقوق جن پر آپ طعنے کس رہی ہیں عوام کو ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ انڈوں کی بات وہ محترمہ کر رہی ہیں جنہوں نے سر سے انڈے گھما گھما کر خاندانی غلامی کا عہدہ پایا ہے۔