اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے ترسیلات زر 7.3 بلین ڈالر کی غیرمعمولی سطح پر پہنچ گئیں۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ اگست میں کارکنوں کی ترسیلاتِ زر مستحکم اور 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں، یہ مسلسل تیسرا مہینہ ہے جب ترسیلاتِ زر 24.4 فیصد (سال بسال) اضافے کے ساتھ 2.095 بلین ڈالر رہیں، جو کافی حد تک اسٹیٹ بینک کے تخمینوں سے ہم آہنگ ہے۔مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ گذشتہ تین ماہ میں ترسیلات زر 7.3 بلین ڈالر کی غیرمعمولی سطح پر پہنچ گئیں، جو گذشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 37.2 فیصد زائد رہیں ۔
اسٹیٹ بینک کا کہناہے کہ اگست میں سعودی عرب (0.593 بلین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (0.410 بلین ڈالر)، اور برطانیہ (0.302بلین ڈالر) سے موصول ہونے والی کارکنوں کی ترسیلات ِزر کا حجم نمایاں تھا۔یہ ترسیلاتِ زر جولائی میں درج کی گئی 2.768 بلین ڈالر کی ریکارڈ سطح کے مقابلے میں 24.3 فیصد کم تھیں، جو بنیادی طور پر عید الاضحیٰ کے بعد معمول کی کمی کی عکاسی کرتی ہیں۔