تحریک پاکستان کے رہنما اور سابق وزیراعظم۔۔۔ ملک فیروز خان نون

ڈاکٹر عمیر ہارون

معرکہ حق کی تھیم کے ساتھ جشن آزادی منانے کا سلسلہ جاری ہے، جو 14 اگست تک رہے گا، وائس آف سندھ نے اس موقع پر تحریک آزادی پاکستان میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات کی زندگی کا مختصر احاطہ قارئین کی نذر کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے۔ ملک کے سابق وزیراعظم اور تحریک پاکستان کے اہم رہنما ملک فیروز خان نون پر مضمون پیش خدمت ہے۔
ملک فیروز خان نون کا شمار تحریک پاکستان کے اہم رہنماؤں میں ہوتا ہے، آپ بانیانِ پاکستان میں سے ایک تھے۔آپ پاکستان میں مختلف عہدوں اور وزارتوں پر خدمات انجام دے چکے تھے۔ پاکستان کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع بھی رہے۔مشرقی پاکستان کے گورنر رہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ پھر 16 دسمبر 1957 سے 7 اکتوبر 1958 تک ملک کے ساتویں وزیراعظم رہے۔
آپ خوشاب کے ایک گاؤں ہموکا میں 7 مئی 1893 کو پیدا ہوئے۔ ایچی سن کالج لاہور میں زیر تعلیم رہے۔ 1912 میں مزید تعلیم کے لیے انگلستان چلے گئے۔ Wadham کالج سے تاریخ اور فارسی کی تعلیم حاصل کی۔ 1916 میں تاریخ کے مضمون میں بی اے کی ڈگری حاصل کی۔ اُس دور میں آپ نے بہ حیثیت طالب علم فٹ بال اور ہاکی کے مقابلوں میں بھی حصّہ لیا۔ 1916 میں آپ لندن آگئے، جہاں قانون کا امتحان دیا اور بیرسٹراِن لا کے اہل بنے۔ ہندوستان واپس آنے کے بعد ڈسٹرکٹ کورٹ سرگودھا میں پریکٹس کا آغاز کیا، پھر لاہور ہائی کورٹ کا رُخ کیا۔ 1920-21 میں سیاست میں دلچسپی پیدا ہوئی اور پنجاب لیجسلیٹو اسمبلی میں منتخب ہوئے۔ یوکے کی جانب سے ہندوستان میں ہائی کمشنر بنائے گئے۔ 1946 میں آل انڈیا مسلم لیگ سے وابستگی اختیار کی اور تحریک پاکستان میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لینے لگے۔ 1947 میں پاکستان کی مجلس قانون ساز کے رکن بنے۔
اکتوبر 1947 میں قائداعظم نے گورنر جنرل کی حیثیت سے آپ کو خصوصی ایلچی بناکر سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک بھیجا، جہاں ان کا کام اسلامی دُنیا کے سامنے پاکستان کو متعارف کرانا اور اس کی تخلیق کا مقصد بتانا تھا، تاکہ متمول ممالک سے پاکستان کے استحکام، ترقی میں مدد اور حمایت مل سکے۔ آپ نے یہ کردار انتہائی کامیابی کے ساتھ ادا کیا۔ 1958 کے مارشل لا کے بعد آپ قومی سیاست سے ریٹائر ہوگئے اور سیاست پر لکھنا شروع کردیا۔ آپ نے ہندوستان اور پاکستان کی سیاست پر 5 کتابیں لکھیں۔ 7 دسمبر 1970 کو گاؤں نورپور نون (ڈسٹرکٹ سرگودھا) میں آپ کا انتقال ہوا اور وہیں مدفن ہیں۔

#MarkaeHaqFormer PM of PakistanIndependence Day of PakistanMalik Feroz Khan Noon