بھارتی منت سماجت، چین نے کرنل سمیت 10 فوجی رہا کردیے

نئی دہلی: چین نے مودی سرکار کی منت سماجت کے بعد لیفٹیننٹ کرنل اور 3 میجر سمیت 10 بھارتی فوجی رہا کردیے، سرحدی خلاف ورزی پر چینی فوج نے 20 بھارتی فوجیوں کو ہلاک اور 76 کو زخمی کردیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مسلسل مذاکرات، جگ ہنسائی اور بھارتی وزیروں کی منت سماجت کے بعد چین نے دس بھارتی فوجی رہا کر ہی دیے، بھارتی فوجیوں کی رہائی کا فیصلہ میجر جنرل کی سطح پر مذاکرات کے بعد کیا گیا۔ رہائی پانے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل اور 3 میجر بھی شامل ہیں، وادی گلوان میں سرحدی خلاف ورزی کرنے والے 20 بھارتی فوجی ہلاک، 76 زخمی جب کہ کئی ہمیشہ کے لیے معذور ہوگئے۔
بھارتی اخبار نے انکشاف کیا کہ چینی فوج نے بھارتی فوجیوں کو خاردار تار سے لپٹے ڈنڈوں سے مارا جس سے وہ موقع پر ہی ڈھیر ہوگئے اور بھارتی فوج میں بددلی پھیل گئی ہے۔
دونوں ممالک میں 1996 میں ہونے والے معاہدے کے مطابق بندوق اور دھماکا خیز مواد کے استعمال پر پابندی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی وزارت دفاع نے واقعے کے بعد چین سے معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں شروع کردیں۔
معاملے پر روس اور امریکا نے بھی بھارت کی مدد کرنے سے انکار کردیا تھا، چینی فوج کے ہاتھوں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد مودی سرکار پر سکتہ طاری ہے۔