سری نگر: وادی جنت نظیر کشمیر کے اضلاع شوپیاں اور پلوامہ میں بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 6 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے، علاوہ ازیں قابض فورس نے ایک مسجد کے تقدس کو بھی پامال کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے اضلاع شوپیاں اور پلوامہ میں ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے، جارحیت پسند بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر دونوں اضلاع میں مجموعی طور پر 6 کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔
ضلع پلوامہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں بھارتی فوج نے مذہبی آزادی کے حق کو پامال کرتے ہوئے ایک مسجد کے تقدس کو بھی پامال کیا اور اندھا دھند فائرنگ کرکے 2 نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ اسی طرح ضلع شوپیاں کے علاقے باندی پورہ میں بھی سرچ آپریشن کے دوران 4 نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔
صرف دو دنوں میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب بھارتی فورسز کی جانب سے اب بھی مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔