کراچی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ثناۂ اللہ عباسی نے کراچی میں ایف آئی اے سائوتھ زون کے زونل آفس کا دورہ کیا۔ اس موقعہ پر ڈی جی آئی اے کو سندھ اور بلوچستان پر مشتمل سائوتھ زونل کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ مختلف مقدمات کی تفتیش اور تحقیقات کے بارے میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2292 انکوائریز زیر تفتیش ہیں اور 358 مقدمات تحقیات کے مرحلے میں ہیں۔ ڈی جی ایف آئی اے نے تفتیش اور تحقیقات میرٹ کے بنیاد پر جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی جی کو بتایا گیا کہ منی لانڈرنگ۔ ہنڈی ہوالہ کے کئی مقدمات میں زیر سماعت ہیں اور کئی مقدمات میں ملزمان کو سزائیں دی گئی ہیں۔ ایف آئی اے نے ان مقدمات میں 2 ارب 21 کروڑ 60 لاکھ روپے بر آمد کیئے ہیں جبکہ گذشتہ تین برس میں 93 کروڑ 20 لاکھ روپے کے عدالتوں نے جرمانے عائد کئے ہیں۔ ساؤتھ زون میں منی لانڈرنگ کے مقدمات میں 2 ارب 12 کروڑ 80 لاکھ روپے سیل کئے گئے ہیں۔ گذشتہ تین برسوں کے دواران 3828 ملزمان کو سزائیں دی گئی ہیں۔