تحریک انصاف کے سینئر رہنما زلفی بخاری نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین پاکستان تحریک انصاف کے پرانے اور سینئر رہنما ہیں، وہ آٹا چینی بحران کی رپورٹ کی بنیاد پر پارٹی کے خلاف کچھ نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کے لیے بہت کام کیں، 2018 کے انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لیے چند افراد کو وہ ہی لے کر آئے، لیکن تمام لوگ پی ٹی آئی میں عمران خان کے لیے آئے تھے، جہانگیر ترین یا زلفی بخاری کے لیے نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2018 کے انتخابات کے وقت جہانگیر ترین وزیراعظم کے قریب تھے، اس لیے ان کے توسط سے مختلف افراد پارٹی میں شامل ہوئے اور حکومت سازی میں مدد کی، جہانگیر ترین کی جگہ یہ کردار کسی اور کو بھی مل سکتا تھا، ایسا بالکل نہیں کہ وزیراعظم جہانگیر ترین پر انحصار کرتے ہیں۔