آٹا اورگندم مافیا نے ملک کو یرغمال بنارکھا ہے، سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آٹا اورگندم مافیا نے ملک کو یرغمال بنارکھا ہے، حکومت وعدے اور بلند و بانگ دعوے کرتی ہے اور اگلے دن بھول جاتی ہے، اقتدار کے ایوانوں پر آج بھی زیادہ تر وہی لوگ قابض ہیں جو سابقہ حکومتوں میں شامل تھے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں جماعت اسلامی کسان کے زیر اہتمام گندم کے کٹائی کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کسانوں سے گندم کا دانہ دانہ خریدنا حکومت کی ذمہ داری ہے، بارشوں اور شدید آندھی نے گندم کی تیار فصل کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔سراج الحق نے کہا کہ حکومت چھوٹے کسانوں کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کرے اورکم ازکم ایک سال کا آبیانہ معاف کیا جائے، دھان کی فصل کیلئے کسانوں کو مفت بیج کھاد اور ادویات دی جائیں، زرعی مشینری کیلئے آسان اقساط پر بلا سودی قرضے دیئے جائیں تاکہ تباہ حال کسان اپنے پائوں پر کھڑے ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ شوگر ملز مالکان کسانوں سے کئے گئے وعدے پورے کریں اور ان کے بقایا جات فوری ادا کئے جائیں، ملک کا کسان اور مزدور خوشحال ہوگا تو ملک ترقی کرے گا، جماعت اسلامی کسانوں اور مزدوروں کی جماعت ہے، ہم موجودہ مشکل اور پریشان کن حالات میں کسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن اور جماعت اسلامی رمضان المبارک میں ہر غریب اور مستحق کے گھر راشن پہنچانے کی کوشش کرے گی، اللہ کی نعمتوں سے مالا مال مخیر حضرات کو اپنے اردگرد ناداروں، مساکین، یتیموں اور بیوائوں کی مدد کرنی چاہئے، ماہ رمضان میں سنت مواخات کو زندہ کیا جائے گا، کارکنا ن ماہ مبارک میں ملک بھر کی مساجد کی صفائی کو یقینی بنائیںاور تمام احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے مساجد کو آباد کریں، آئندہ جمعہ کو یوم صفائی اور رات کو شب توبہ و استغفار کے طور پر منایا جائے۔